محمد جاوید قصوری

عوام پہلے ہی بد حال ، آئی ایم ایف کا مزید ٹیکس لگانے کا مطالبہ تشویشناک ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے آئی ایم ایف کے مطالبے کہ ” شارٹ فال پورا کرنے کیلئے 198ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگائے جائیں ” پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے معیشت کا بٹرہ غرق کرکے رکھ دیا ہے ، 25کروڑ عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے .

لوگوں پر نئے ٹیکس لگانے سے حالات مزید خراب ہو جائیں گے ، حکومت ہوش کے ناخن لے اور ایسی پالیسیاں اختیار کی جائیں جن عوام کو کچھ ریلیف میسر ہو ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت مسلسل عوام پر مہنگائی کے نشتر چلا رہی ہے ، لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہو چکے ہیں ،مزدور بے روزگار اور معیشت کا پہہ رک چکا ہے تو دوسری جانب سیلاب نے لوگوں کا نا قابل تلافی نقصان کیا ہے ، لاکھوں گھر اجڑ چکے ہیں 80لاکھ افراد سیلاب سے متاثر اور اربوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچا ہے ۔

مال موشی ہلاک اور لاکھوں ایکڑفصلیں برباد ہو گئیں ہیں ۔ سیلاب کے باعث 60ہزار بچے تعلیم سے محروم ہو چکے ہیں ۔جماعت اسلامی غریب کاشتکاروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر آنے والا دن بد ترین ہوتا جا رہا ہے ، ملک و قوم بحرانوں کی زد میں ہیں۔

حکومت کے تمام معاشی اشاریے ہر چیز کو مثبت دیکھا رہے ہیں جبکہ عملاً مہنگائی میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہوئی ، اشیاء خودرونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ ہر سال پندر ہ لاکھ سے زائد لوگ ملک کو چھوڑ کر بیرون ملک چلے جاتے ہیں ، نوجوانوں میں مایوسی پھیل چکی ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکمران اپنے اللوں تللوں کو ختم اور عوام جیسی ساد ہ طرز زندگی کوا ختیار کریں۔