لاہور (ر پورٹنگ آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے عوام اور تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ وہ
کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات پر انتہائی سختی سے عمل درآمد کریں تاکہ اس مہلک وبا کا پھلاؤ
روکا جاسکے، دنیا کے کئی ممالک میں کرونا وائرس کا دوسرا حملہ شروع ہوگیا ہے، اگر پاکستان میں ایسا ہوا تو وسائل
کی کمی کی وجہ سے پہلے سے کہیں زیادہ تباہی رونما ہوگی۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری
کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ الحمدللہ
پاکستان میں کرونا کا پھیلاؤ واضح طور پر کم ہوگیا ہے جبکہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطالبے پر
حکومت نے لاک ڈاؤن ختم کرکے تمام سرگرمیاں بحال کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تشویشناک بات یہ
ہے کہ لوگ حفاظتی اقدامات پر بالکل توجہ نہیں دے رہے، مشاہدے میں آیا ہے کہ بہت کم افراد ماسک
استعمال کرتے ہیں جبکہ مصافحہ ، یہاں تک کہ بغل گیر ہونے کا رحجان بھی بڑھتا جارہا ہے جس کی وجہ سے
کرونا دوبارہ تشویشناک حد تک بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی صورت کروناوائرس کے
دوسرے حملے کا متحمل نہیں ہوسکتاکیونکہ اس کی وجہ سے یہ پہلے ہی بھاری معاشی اور انسانی جانوں کے
نقصان کا سامنا کرچکا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے تاجر برادری سے بھی
اپیل کی کہ وہ مارکیٹوں میں حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں اور SOPsپر مکمل عمل کروائیں۔