لاہور (رپورٹنگ آن لائن)ا نصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی منفی سیاست سے ان کے چہرے بے نقاب ہو گئے ہیں اور وقت آنے پر عوام ان کا محاسبہ کریں گے ، حکومت عجلت کی بجائے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے ، اگر ہم نے کورونا کے خلاف جنگ میں کامیاب ہونا ہے تو مضبوط اتحاد وقت کا تقاضہ ہے ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 127کے کے رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نا مساعد معاشی حالات کے باوجود کورونا سے نمٹنے کےلئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا اور تمام طبقات کےلئے ریلیف پر مبنی عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔جب تک ہمیں اس وباءسے نجات نہیں مل جاتی حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور اس میں کسی طرح کی غفلت نہیں برتی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی حکومت پر تنقید کے نشتر برسانے میں ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی دوڑ سے باہر آئیں اور اس مشکل سے نبرد آزما ہونے کےلئے اپنی مثبت تجاویز دیں جنہیں ضرور زیر غور لایا جائے گا ۔
مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی اس وقت اپنی سیاست چمکانے میں لگی ہوئی ہیں جس سے ان کے چہرے عوام میں بے نقاب ہو چکے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب عوام ان کا محاسبہ کریں گے۔