مسرت جمشید چیمہ

عوام نے اوچھے ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیا ،مائنس پی ٹی آئی کی سوچ کو بدلناہوگا ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام نے حکومتی جبر اور اوچھے ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیا ہے ،مائنس پی ٹی آئی کی سوچ کو بدلناہوگا ، بانی پی ٹی آئی عمران خان ملک و قوم کی خاطر آگے بڑھنا چاہتے ہیں
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو کھوج لگانی چاہیے کہ دہائیوں سے حکومتوں میں رہنے کے باوجود انہیں آخر کیوں آج اپنی سیاسی بقاء کی فکر لا حق ہے اور انہیں اس کا جواب مل جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ سوال ہے کیا انتظامیہ کی جانب سے کسی دوسری سیاسی جماعت کو جلسے کے انعقاد کیلئے اتنی طویل شرائط کی فہرست تھمائی جاتی ہے جو تحریک انصاف کو 8ستمبر کے جلسے کیلئے دی گئی ۔

پی ٹی آئی ان سب ہتھکنڈوں کے باوجود مایوس اور نا امید نہیں ، ہم نے پر امن جدوجہد کو ہر طرح سے آگے لے کر بڑھنا ہے اور ان شا اللہ فتح حق اور سچ کی ہو گی ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی ایک حقیقت ہیں اس لئے ہمارے سیاسی مخالفین کو مائنس کرنے کا خیال اپنے دل و دماغ سے نکال دینا چاہیے۔