مولا بخش چانڈیو

عوام مہنگائی میں پس رہے ،حکمران نیروسکون کی بانسری بجا رہے ہیں،مولا بخش چانڈیو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو نے مہنگائی سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں اور بنی گالہ کے ہیرو سکون کی بانسری بجا رہے ہیں، نیرو کی بانسری کا سن رکھا تھا اب تجربہ بھی کر رہے ہیں کہ غافل حاکم کیسے ہوتے ہیں ؟،

سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ سرکاری اداروں کے اعداد و شمار دو گنا سے زیادہ مہنگائی بتا رہے ہیں اور وزیراعظم کچھ اور ہی کہہ رہے ہیں ،خدا جانے یہ بے خبر وزیراعظم ملک کا کیا حشر کریں گے،سلیکٹڈ ہی صحیح مگر ایک وزیراعظم کی اتنی غفلت ملک کیلئے بھیانک ثابت ہوگی مہنگائی نہ ہونے کی غلط معلومات دینے والے وزرا اور مشیر وزیراعظم کو زوال کے قریب لے آئے ہیں ،جو وزرا اب تک مہنگائی کا اعتراف کر رہے تھے اب وہ بھی یوٹرن لیں گے،

اب پوری کی پوری وفاقی کابینہ بھی ملک میں تاریخی سستائی ہونے کا ڈھول پیٹے گی،انہوں نے کہا کہ جن وفاداروں نے احساس دلایا تھا کہ آپ وزیراعظم ہیں خان صاحب ان سے ہی مشورہ کر لیں ،جن کو اتنی مہنگائی نظر نہیں آتی وہ عوام کے دکھ درد کا مداوا کیا کریں گے ،عمران خان کے بیانات اور انداز بتا رہے ہیں کہ یہ اب مسافر اور چند دنوں کے مہمان وزیراعظم ہیں ،ان کے دن گنے جا چکے عوام اب ان کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کر چکے ہیں ،چیئرمن بلاول بھٹو زرداری نے اس غافل وزیراعظم کو جنوری میں گھر بھیجنے کا اعلان کر چکے ہیں