لاہور(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کے حقوق مینار پاکستان سے شروع ہونے والی بدل دو نظام کوتحریک کا سرفہرست ایجنڈا ہوگا۔ کسان ساتھ دیں، انگریزوں کی وفاداری سے حاصل کی گئی جاگیروں کو چھوٹے کاشتکاروں میں تقسیم کرنے کے مطالبہ کو پوری قوم کی آواز بنا دیں گے ۔
پنجاب حکومت کی جانب سے 35سو روپے من گندم کی امدادی قیمت کو مسترد کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ ورکاں، گوجرانوالہ میں کسان بچاؤ پاکستان بچاؤروڑ کارواں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ ساٹھ فیصد آبادی زراعت سے منسلک لیکن حکمرانوں کی نالائقیوں کی وجہ سے شعبہ تیزی سے زوال کا شکار ہے ، زراعت کی شرح نمو ایک سال میں چھ اعشاریہ پانچ فیصد سے اعشاریہ پانچ تک آگئی۔
اس سے جاگیردار کو کوئی فرق نہیں پڑتا، حکومت ان سے ٹیکس بھی نہیں لیتی، انہوں نے مزید کہا کہ عوام جان لیں انہیں مسلط طبقات سے اپنا حق چھین کر لینا پڑے گا، جماعت اسلامی سے مل کر گلیوں کوچوں میں آواز اٹھائیں، ایوانوں کا گھیراؤ کریں، ظلم کے اس راج کو بدلنا ہوگا، ملک پر عوامی راج چاہیے .
جماعت اسلامی نومبر میں استحصالی نظام کے خلاف پرامن تحریک چلا ئے گی۔فارم 45 کی پیداوار کو عوام، کسان مزدور سے کوئی غرض نہیں، چہرے نہیں نظام بدلنا ہوگا۔دریں اثنا نعیم الرحمن نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے ۔ کشمیریوں کی تیسری نسل کو بھارتی مظالم کا سامنا ہے ۔