لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محب وطن عوام اب چور ٹولے کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، حزب اختلاف کے پاس کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی کوئی پروگرام،پی ڈی ایم کے افراتفری پھیلانے کے مذموم عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے، اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں نے اپنے دور میں کھوکھلے نعرے لگائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر محبوب سلطان اور رکن صوبائی اسمبلی رانا شہباز احمد نے ملاقات کی۔ منتخب نمائندوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حلقوں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خدمت کے سفر کے سامنے انتشار کی سیاست کی کوئی حیثیت نہیں ہے جبکہ حزب اختلاف کے رہنماوں کے پاس کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی کوئی پروگرام۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی کمائی لوٹنے والے نئے روپ دھار کر پھر میدان میں آئے ہوئے ہیں تاہم محب وطن عوام اب چور ٹولے کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے افراتفری پھیلانے کے مذموم عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے عام آدمی کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں نے اپنے دور میں کھوکھلے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ہر موقع پر عوام کو گمراہ کرنے کے لیے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی۔
اب عوام کا مسترد شدہ ٹولہ ہمیشہ کے لیے سیاست سے آوٹ ہو چکا ہے کیونکہ وزیر اعظم عمران خان نے موروثی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔









