راجہ پرویز اشرف 44

عوام آپس کی دشمنیاں ختم کریں اور محبت، اتحاد اور رواداری کے ساتھ زندگی گزاریں،راجہ پرویز اشرف

گوجر خان(رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ یہ دنیا بڑی مختصر ہے، یہاں کسی نے ہمیشہ نہیں رہنا، اس لیے جو وقت ملا ہے اسے پیار، محبت، عزت اور احترام کے ساتھ گزاریں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے علاقے سے محبت کریں، ایک دوسرے کی عزت کریں اور ایسا ماحول قائم کریں جو سب کے لیے خوشگوار ہو، کیونکہ جب ماحول اچھا ہوگا تو لوگوں کی زندگیاں بھی پرسکون ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 9 میں ایک جنازہ میں شریک شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہے تو ہم سب ہیں، پاکستان سے محبت کریں، اسی میں ہم سب کی عزت و وقار ہے۔

انہوں نے کارکنوں اور عوام پر زور دیا کہ آپس کی دشمنیاں ختم کریں اور محبت، اتحاد اور رواداری کے ساتھ زندگی گزاریں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ قومیں نفرت نہیں بلکہ اتفاق و محبت سے بنتی ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ایک دوسرے کا احترام کریں، دلوں کو قریب لائیں اور ایسی مثبت فضا قائم کریں جس سے معاشرہ مضبوط ہو اور آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل ملے۔تقریب میں پارٹی کارکنوں اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے سابق وزیر اعظم کے پیغام اتحاد و ہم آہنگی کو بھرپور سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں