چینی صدر

عوامی کانگریس کا نظام چین کے قومی حالات اور حقیقت کے مطابق ہے، چینی صدر

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کی عوامی کانگریس کے نظام کی ورکنگ کانفرنس 13 سے 14 اکتوبر تک بیجنگ میں منعقد ہوئی۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سکرٹری ، صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پنگ نے اجلاس میں شرکت کی ۔چینی صدر نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوامی کانگریس کا نظام چین کے قومی حالات اور حقیقت کے مطابق ہے ، جو سوشلسٹ ملک کی نوعیت کی عکاسی کرتا ہے ، اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ عوام ملک کے مالک ہیں ، اور چینی قوم کی عظیم نشاة ثانیہ کی تکمیل کی ضمانت دیتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ انسانی سیاسی نظام کی تاریخ میں ہماری پارٹی کی عظیم تخلیق ہے اور یہ ایک بالکل نیا سیاسی نظام ہے جو چین اور دنیا کی سیاسی ترقی کی تاریخ میں بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں چینی خصوصیات کے ساتھ سوشلسٹ سیاسی ترقی کے راستے پر قائم رہنا چاہیے ، عوامی کانگریس کے نظام کو برقرار رکھنا اور بہتر بنانا چاہیے ، نئے دور میں عوامی کانگریس کے کام کو مضبوط بنانا چاہیے اور کامل عوامی جمہوریت کی ترقی کا فروغ جاری رکھنا چاہیے۔اپنے خطاب میں شی جن پنگ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ عوامی کانگریس کا نظام ، سی پی سی کی قیادت اور مارکسی ریاستی نظریات کے بنیادی اصولوں پر عمل کرتا ہے ، مؤثر طریقے سے اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ملک سوشلزم کی راہ پر گامزن ہو، ملک میں تمام اختیار عوام کے پاس ہوں ، عوام ملک کے حقیقی مالک ہوں۔ انہوںنے کہاکہ یہ نظام پارٹی کی قیادت، عوام کی مرکزی حیثیت ، اورقانون کی حکمرانی کو مربوط کرتا ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ دنیا بڑی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے،نظام کا مقابلہ ممالک کے درمیان جامع مقابلے کا ایک اہم پہلو ہے،ہمیں عوامی کانگریس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مستقل مزاجی سے کام کرنا چاہیے۔ شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ جمہوریت سجاوٹ نہیں ہے بلکہ اسے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے کامل عوامی جمہوریت کا اہم تصور پیش کیا، ہمارے ملک کی عوامی جمہوریت کے پورے عمل میں نہ صرف ایک مکمل نظام اور طریقہ کار ہے بلکہ عملی طور پر مکمل شرکت اور تجربات ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ ایک ہمہ جہت ، مکمل کوریج والی جمہوریت ہے ، اور یہ سب سے وسیع ، سچی اور موثر سوشلسٹ جمہوریت ہے۔