وزیراعلی سندھ

عوامی مقامات کو خوبصورت بنایا جارہا ہے، وزیراعلی سندھ

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوامی مقامات کو خوبصورت بنایا جارہا ہے، ککڑی اسپورٹس کمپلیکس میں تین منزلہ عمارت تعمیر ہو رہی ہے، مرد و خواتین کیلئے جم بھی بنائے جائیں گے، گراونڈ کے ساتھ اسٹریٹس کو پختہ کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے زیر تعمیر ککڑی اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ ککڑی اسپورٹس کمپلیکس 99 بائی 55 میٹر فوٹبال گرانڈ بنایا جارہا ہے، 2.4 میٹر کشادہ جاگنگ گرانڈ قائم کیا جارہا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش بھی کی جارہی ہے اور تمام ضروری سہولیات کے ساتھ پویلین بھی تعمیر کیا جارہا ہے۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ککڑی اسپورٹس کمپلیکس میں بوکسنگ کلب اور کیریٹ اکیڈمی بھی تعمیر ہورہی ہے، ککڑی گرانڈ کے ساتھ رچرڈ پارک اور رچرڈ روڈ بھی تعمیر ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گراونڈ کے ساتھ اسٹریٹس کو پختہ کیا جارہا ہے پختہ اسٹریٹس کے ساتھ فوٹپاتھ یا پبلک اسپیسز بھی بنائے جارہے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عوامی مقامات پر بینچز، اسٹریٹ لائٹس اور ایریا کو خوبصورت کیا جارہا ہے جبکہ ککڑی اسپورٹس کمپلیکس میں تین منزلہ عمارت تعمیر ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مرد و خواتین کیلئے جم بھی بنائے جائیں گے، جمز میں ٹوئیلیٹ، شاور روم اور چینجنگ رومز بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری اسکیم بشمول تمام سہولیات کے ساتھ اکتوبر 2022 میں مکمل ہوگی۔ واضح رہے کہ وزیراعلی سندھ نے پی ڈی نظیر میمن کو ہدایت کی کہ تعمیرات کا کام اگست میں مکمل کیا جائے۔