لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کراچی سے لاہور تک پیپلز پارٹی کیلئے عوامی حمایت حیرت انگیز ہے، بلاول بھٹو کا لانگ مارچ گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔
اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں شیر ی رحمان نے کہا کہ لانگ مارچ میں ہر گزرتے دن اور شہر کے بعد عوامی شرکت بڑھتی جا رہی ہے، بلاول بھٹو اور پی پی پی نے ایک بار کی حقیقی عوامی جماعت ہونے کا ثبوت دیا ہے، پنجاب کے پرانے جیالے دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں جبکہ نئی نسل پیپلز پارٹی کے آزاد خیال اور ترقی پسند سیاسی نظریے کی طرف مائل ہو رہی ہے جو ملکی سیاسی منظر نامے میں مثبت پیشرفت ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ اب لوگ کھوکھلے نعروں اور دعووں سے مایوس ہو چکے ہیں، لوگ حقیقی سیاسی تحریک کا حصہ بننا چاہتے ہیں، عوامی مارچ کے ذریعے قوم نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ پیش کر دیا ہے، آج لاہور کی عوام عدم اعتماد پیش کرے گی، مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی حکومتی حلقوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے، عوامی مارچ کے بعد ہی وزیراعظم کو عوام اور اتحادی یاد آئے ہیں لیکن اب بہت دیر ہو چکی ہے۔