40

عمر کی بنیاد پر سوشل میڈیا تک رسائی کو مرحلہ وار منظم کیا جائے،رضا الررحمان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)عمر کی بنیاد پر سوشل میڈیا تک رسائی کو مرحلہ وار منظم کیا جائے،نادرا سے منسلک عمر کی تصدیق کا نظام لازمی قرار دیا جائے ،والدین کی اجازت اور نگرانی کے ڈیش بورڈ فراہم کیے جائیںخاص طور پر سکولوں میں سوشل میڈیا کے استعمال پر واضح پالیسی بنائی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار ممتازماہر ِ تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی کے علمبردار رضا الررحمان نے ” سوشل میڈیا کا بڑھتا رجحان اور ہمارے بچے ”کے موضوع پر منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا س موقع پر والدین اور دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ رضا الرحمان نے پاکستان میں بچوں اور نوعمروں کے لیے سوشل میڈیا کے غیر محفوظ استعمال پر گہری تشویش کا اظہار اورجامع قومی پالیسی بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ مختلف تحقیقی شواہد کے مطابق سوشل میڈیا کے غیر محدود استعمال سے طلبہ میںذہنی دبائوتوجہ کی کمی ،نیند کی خرابی ،تعلیمی کارکردگی میں کمی اورہراسانی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ہم قطعی سنسرشپ نہیں چاہتے لیکن ہم بچوں کا تحفظ، ڈیجیٹل ڈسپلن اور محفوظ آن لائن ماحول چاہتے ہیں۔انہوں نے تجویز کیا کہ عمر کی بنیاد پر سوشل میڈیا تک رسائی کو مرحلہ وار منظم کیا جائے،نادرا سے منسلک عمر کی تصدیق کا نظام لازمی قرار دیاجائے،والدین کی اجازت اور نگرانی کے ڈیش بورڈ فراہم کیے جائیں،سکولوں میں سوشل میڈیا کے استعمال پر واضح پالیسی بنائی جائے،نو عمر بچوںکے لئے محفوظ انٹر نیٹ جیسا محفوظ نیٹ ورک قائم کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، برطانیہ اور امریکہ کی ریاستوں میں کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا قوانین پر سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں ، اس تناظر میں پاکستان کو بھی بچوں کے مفاد میں عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں