عمرہ

عمرہ اجازت نامے 31مارچ تک جاری کرائے جاسکتے ہیں، سعودی وزارت

ریاض (ر پورٹنگ آن لائن)سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ 28 شعبان 31 مارچ 2022 تک اعتمرنا اور توکلنا ایپ کے ذریعے عمرہ اجازت نامے جاری کرائے جاسکتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ نے ایک بیان میں کہاکہ عمرہ اجازت نامے ایپ ہولڈراوران کے مرافقین کے لیے جاری ہوں گے، عمرہ اجازت نامے کے اجرا کا آخری دن 31 مارچ 2022 ہے۔انہوں نے بتایا کہ مناسب تاریخ اور وقت کے انتخاب کا فیصلہ آرام دہ ثابت ہوگا، رمضان سے دو دن قبل تک اجازت نامے جاری ہوں گے۔سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا کہ بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کو اجازت نامے کے اجرا کے لیے کورونا ویکسین کی تمام خوراکیں لینا ضروری ہیں، ازیں مقیم پلیٹ فارم پر ویکسین کا اندراج اور سعودی عرب آتے وقت پی سی آر ٹی سرٹیفکیٹ پیش کرنا بھی ضروری ہے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے پھر ہدایت کی کہ نیا عمرہ اجازت نامہ دس روز بعد ہی جاری کرایا جاسکے گا، یہ پابندی مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کورونا ایس او پیز کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے لگائی گئی ہے۔یاد رہے کہ عمرہ اجازت نامہ مقررہ وقت سے چار گھنٹے قبل تک منسوخ کیا جاسکتا ہے اور اسی وقت دوسرا اجازت نامہ جاری کرایا جاسکتا ہے۔