احسن اقبال

عمران نیازی فارن فنڈنگ کیس رکوانے کےلئے مختلف حیلے بہانے تلاش کر رہے ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ نون کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور عمران نیازی جو پورے پاکستان میں مسٹر کلین بنتے ہیں، شفافیت کے چیمپیئن بنتے ہیں وہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کو رکوانے کےلئے مختلف حیلے بہانے بناتے اور تلاش کرتے رہے ہیں،عمران نیازی اگر واقعی مسٹر کلین ہیں تو عوام کو بتائیں کہ وزیراعظم بننے کے بعد آپ کی آمدن میں اضافہ کے کیا ذرائع ہیں؟

عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے نوسرباز ہیں،عمران خان نے فراڈ کا لبادہ اوڑھ کر پاکستانی قوم کو کنگال کر دیا ،آج بھی الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کی یہ استدعا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ خفیہ رکھی جائے اور عوام سے چھپائی جائے اسے جاری نہ کیا جائے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی چوری پکڑی جا چکی ہے۔ منگل کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کس بات کو چھپانا چاہتی ہے، کس بات کی پردہ پوشی کرنا چاہتی ہے،

اصل بات یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور عمران نیازی ایمانداری کاجو میک اپ اپنے چہروں پر کیا ہوا ہے، الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس نے اس میک اپ کو دھو ڈالا ہے،یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو گئی ہے کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں اتنا بڑا فراڈ کسی سیاسی جماعت نے آج تک نہ کیا ہے اور شائد نہ کوئی کر سکے گی جتنا پاکستان تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کے ذریعے کیا،

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مسلم لیگ نون کے خلاف درخواست اس کراس ایف آئی آر کی مانند ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ ہم خود بھی پکڑے گئے اور دوسروں پر بھی کیچڑ اچھالیں تا کہ ہماری چوری چھپ جائے، یہ چوری چھپ نہیں سکتی، میں یہ بات واضح کر دوں کہ مسلم لیگ نون نے کوئی فارن فنڈنگ یا اکاﺅنٹس الیکشن کمیشن سے نہیں چھپائے، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ہمارے خلاف درخواست دی گئی مسلم لیگ اکاﺅنٹس کی جانچ پڑتال کی جائے ، چیف الیکشن کمیشن کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے یہ فیصلہ دیا کہ درخواست گزار فرخ حبیب کوئی ثبوت مسلم لیگ نون کے خلاف پیش کریں گے تو کمیٹی اس پر غور کرے گی اور اس کا جائزہ لے گی، مسلم لیگ نون کے خلاف جو نوٹس لکھا گیا کہ آج تک تحریک انصاف نے مسلم لیگ نون کے خلاف بدعنوانی کا کیس الیکشن کمیشن میں پیش نہیں کیا، وہ اتنی بے شرمی سے بولتے ہیں کہ مسلم لیگ نون اپنے اکاﺅنٹس کا حساب دے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کا کوئی ممنوعہ فارن فنڈنگ زیر سماعت نہیں ہے،جب سے عمران نیازی نے حکومت سنبھالی انہوں نے ایک لاکھ انکم ٹیکس دیا، اب جب اقتدار میں آئے تو یکہ یک ان کا انکم ٹیکس ایک کروڑ روپیہ ہو گیا، اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کی آمدنی میں ایک ہزار گنا سے زیادہ کا اضافہ دو سالوں میں ہوا ہے، عمران نیازی اگر آپ واقعی مسٹر کلین ہیں تو عوام کو بتائیں کہ وزیراعظم بننے کے بعد آپ کی آمدن میں اضافہ کونسی ذرائع آمدن سے ہوا، آپ قوم کو غیر ملکی تحائف کی تفصیلات سے آگاہ کریں، آپ یہ بھی بتائیں کہ وہ کونسے تحائف ہیں جو دوست ممالک سے لے کر بیچے ہیں اور اس سے پیسہ کمایا ہے اور وہ کونسے تحائف ہیں جو وصول کئے اور انہیں توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا، یہ باتیں قوم جاننا چاہتی ہے، اگر آپ واقعی شفاف ہیں تو اسلام آباد ہائیکورٹ میں مسلسل تاریخ کیوں لیتے ہیں، قوم کو تفصیلات سے کیوں آگاہ نہیں کرتے، اگر آپ واقعی شفاف ہیں تو کیوں اسکروٹنی کمیٹی کو چھپانے کی بات کرتے ہیں اور اسے جاری نہ کئے جانے کی بات کرتے ہیں،میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی عوام اس ڈرامے کی حقیقت کو جان چکی ہے،

عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے نوسرباز واقع ہوئے ہیںنوسرباز وہ ہوتا ہے جو فراڈ کر کے اپنی قوم کی جیب خالی کراتا ہے، عمران خان نے فراڈ کا لبادہ اوڑھ کر پاکستانی قوم کو کنگال کر دیا