ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ ان کے بھانجے عمران خان کو مرکزی دھارے کی فلموں کے سانچے میں خود کو ڈھالنا مشکل لگتا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران عامر خان نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے ایک بار انہیں بتایا تھا کہ انہوں نے 10 سال پہلے اداکاری کیوں چھوڑی۔ عامر خان کے مطابق عمران خان ایک باصلاحیت اداکار بننا چاہتے ہیں، لیکن وہ ہیروگیری(یعنی فلمی ہیرو کا روایتی انداز)میں خود کو آرام دہ محسوس نہیں کرتے۔
عامر نے کہا کہ ہاں، عمران میں ایک تخلیقی جبلت ہے۔ وہ ہمارے یہاں جو مرکزی دھارے کا فلمی ڈھانچہ ہے، اس میں فٹ نہیں ہو پاتا۔ وہ اس کا فطری حصہ نہیں ہے۔ اسی لیے وہ جانے تو یا جانے نا اور دہلی بیلی جیسی فلموں میں بہت اچھا کرتا ہے، وہاں وہ اپنی اصل میں ہوتا ہے۔ لیکن جیسے ہی آپ اسے ایک عام ہندی فلم میں ڈالیں، وہ فٹ نہیں بیٹھتا۔ وہ ہیرو بننے میں آرام دہ محسوس نہیں کرتا۔
عمران خان نے بچپن میں عامر خان کے کرداروں کے کم عمر ورژن کے طور پر اداکاری کا آغاز کیا، جیسا کہ قیامت سے قیامت تک اور جو جیتا وہی سکندر۔ 2008 میں انہوں نے جانے تو یا جانے نا میں جنیلیا ڈی سوزا کے ساتھ بطور مرکزی اداکار فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔
عمران خان آخری بار 2015 میں کٹی بٹی میں کنگنا رناوت کے ساتھ نظر آئے، اس کے بعد سے انہوں نے فلموں سے وقفہ لے رکھا ہے۔عمران خان اب دوبارہ اداکاری کی طرف واپسی پر غور کر رہے ہیں اور مختلف منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کوئی موزوں اسکرپٹ منتخب کی جا سکے۔