لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے چہرے کی رنگت اڑی ہوئی ہے ، ابھی یہ بہت سارے تماشے کریں گے، انکا جانا ٹھہر گیا ہے، متنازعہ الیکشن کے نتیجہ میں تشکیل پانے والی حکومت مکمل طور پر نااہلی و نالائق ہے، عمران خان جھوٹی انا کی بدولت ابتک کوئی وعدہ پورا نہیں کر پائے۔
قمر زمان کائرہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کا احتساب کرنے، لوٹی دولت واپس لانے کا دعوی کرنے والے کسی سے بھی پیسہ نہیں نکلوا سکے، سینٹ میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے ساتھ ہی حکومت کے خلاف اصولی طور پر عدم اعتماد اسی وقت کامیاب ہو گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے صرف اور صرف قومی مفاد میں اپنے مخالفین کے ساتھ ہاتھ ملایا، حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے ہر شہری کو چاہیئے کہ بلاول کی آواز کیساتھ اپنی آواز ملائے، بلاول کا 5 روز کا الٹی میٹم پورا ہونے کو ہے آئندہ ہفتے پاکستان کے حالات بدل جائیں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہو گی اگر مگر والی کوئی بات نہیں، عدم اعتماد تحریک کامیابی کے بعد جو بھی حکومت بنے وہ اس حکومت کے الیکشن قوانین ختم کر کے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے قانون سازی کرے۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی فیل ہو چکی ہے بڑھکیں نہیں کام دکھائی دینا چاہیئے، بلاول بھٹو کے عوامی لانگ مارچ کے مقابلے میں شاہ محمود قریشی کی مارچی ہے۔ پی پی پی کے سینیئر رہنما و سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ تیل بجلی کی قیمتوں میں کمی لانگ مارچ ک ہی ثمر ہیں، دہشت گردی کی وبا ملک میں دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔