مسرت جمشید چیمہ 153

عمران خان کے بغض میں سندھ حکومت عوام کی بھلائی کے اقدامات میں بھی وفاق کے مخالف چلتی ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کئی دہائیوں بعد سندھ کی عوام بھی تبدیلی کیلئے بیتاب ہیں اور اسی وجہ سے پیپلز پارٹی کی قیادت اور رہنمائوں کی پریشانی بلا وجہ نہیں ، پیپلزپارٹی نے اپنے مفادات کے لئے ہمیشہ سولو فلائٹ کی ہے جس کا خمیازہ عوام نے بھگتاہے ، وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں سندھ حکومت عوام کی بھلائی کے اقدامات میں بھی وفاق کے مخالف چلتی ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج فار ویمن شادباغ میں کلین اینڈ گرین مہم کے تحت پودا لگانے کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی ساری توجہ صرف لوٹ مار اور کرپشن پر مرکوز تھی اس لئے انہیں کلائمیٹ چینج سے کوئی لینا نہیں تھا۔ وزیر اعظم عمران خان وژن رکھنے والے لیڈر ہیں ، پی ٹی آئی حکومت کا ملک میں اربوں درخت لگانے کا منصوبہ تاریخ میں سنہری حروف میںلکھا جائے گا اور دنیا بھی عمران خان کے اس منصوبے کی معترف ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ڈیلٹا وائرس انتہائی خطرناک ہے اورحکومت اس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، ہم روزگاراورزندگی دونوں کو بچانا چاہتے ہیں اس لئے سمارٹ لاک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ،ہسپتالوں میں ہر طرح کی تیاریاں مکمل ہیں ، عوام سے اپیل ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو اپنی زندگی کا لازمی جزو بنا لیں کیونکہ کورونا وباء سے بچنے کا یہی واحد حل ہے ، اسکے ساتھ ساتھ عوام افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے کورونا ویکسی نیشن بھی کرائیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں