اسلام آباد ہائی کورٹ

عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کی پوسٹس ہٹانے کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے مبینہ غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ایکس اکاؤنٹ پوسٹس کو ہٹانے اور بلاک کرنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی، جس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی سمیت تمام فریقین کو 2 ہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور دیگر متعلقہ فریقین سے بھی تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔

درخواست گزار شہری کی جانب سے معروف قانونی ماہر بیرسٹر ظفر اللہ عدالت میں پیش ہوئے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دوران قید ایکس اکاؤنٹ پر مبینہ طور پر اشتعال انگیز اور انتشاری مواد پوسٹ کیا گیا، جو قانون اور عوامی مفاد کے خلاف ہے۔

درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ ایسی پوسٹس کو نہ صرف فوری ہٹایا جائے بلکہ ان کے پھیلاؤ کو بھی روکا جائے، تاکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال متاثر نہ ہو۔

عدالت نے تمام فریقین کو دو ہفتے میں جواب جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔