لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی ٹیم پہلے چینی،گندم،پیٹرول اور ادویات کے چوروں پر مشتمل تھی۔
رانا ثنااللہ نے شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب پاناما لیکس آیا تو پنڈی کا شیطان سب سے پہلے سپریم کورٹ پہنچاتھا ، اس وقت یہ بیروزگار تھا نوکری لینے کے چکر میں سپریم کورٹ پہنچاتھا۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان نے اس کو چپڑاسی بھرتی کرلیا ہے اس لیے اسے اپنے نئے استاد کے ڈاکے اور چوریاں نظر نہیں آتیں ، عمران خان کی ٹیم پہلے چینی ، گندم ، پیٹرول ادویات کے چوروں پر مشتمل تھی ، اب تو اس کی ٹیم پر آف شور کمپنیوں کا بھی ٹھپہ لگ چکا ہے ، خان آج اے پی ایس کے بچوں کو شہید کرنے والے دہشتگردوں سے مذاکرات کررہے ہیں۔
مسلم لیگ(ن)کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان پہلے قوم سے بددعائیں لے رہے ہیں اب شہداکی ماں سے بھی بددعائیں لیں گے ، پاکستان پر ایسا بدبخت ٹولہ مسلط ہوا ہے جو ہر شہری کےلیے وبال جاں بن چکا ہے ، یہ بدنام زمانہ ٹولہ ٹائیں ٹائیں فش ہونے والا ہے۔