سلمان اکرم راجہ 27

عمران خان کی ویڈیو لنک ٹرائل کیخلاف پٹیشن لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کی رجسٹری میں گم ہوگئی ہے،سلمان اکرم راجہ

راولپنڈی( رپورٹنگ آن لائن)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ویڈیو لنک ٹرائل کے خلاف پٹیشن لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کی رجسٹری میں گم ہوگئی۔

پی ٹی آئی رہنما رہنما اور عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے بتایا ہے کہ مجھے اطلاع دی گئی ہے کہ عمران خان کی جانب سے وڈیو لنک ٹرائل کے خلاف پٹیشن لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کی رجسٹری میں گم ہوگئی ہے، میری معاونت کرنے والے عرفان نیازی ایڈووکیٹ کو رجسٹرار کے عملے نے بتایا ہے کہ فائل مل نہیں رہی لہذا مقدمہ سنوائی کیلئے نہیں لگ سکتا۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کی وڈیو لنک پر ٹرائل کے ڈھونگ کے خلاف پٹیشن 23 ستمبر کو راولپنڈی بینچ میں دائر ہوئی، رجسٹرار کی خاموشی کی بنا پر آج ہائیکورٹ کے سینئر جج سے چیمبر میں لطیف کھوسہ اور میں ملے تو بتایا گیا کہ پٹیشن 29 ستمبر سے پہلے لگنے کا امکان نہیں ہے جب کہ 28 ستمبر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں تاریخ ہے۔گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں فوٹیج فراہمی و ٹرائل روکنے کی درخواستیں خارج کردی گئی تھیں.

اس سلسلے میں راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی تھی جہاں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک اور سلمان اکرم راجہ عدالت پیش ہوئے، سپیشل پراسیکیوٹرز ظہیر شاہ اور اکرام امین منہاس بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے، دوران سماعت وکلا صفائی نے درخواست کی کہ 19 ستمبر کے عدالتی کارروائی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی فراہم کی جائے، دوسری درخواست کی کہ جیل ٹرائل منتقل کرنے سے متعلق ہائی کورٹ کے آرڈرز تک عدالتی کارروائی روکی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں