سینیٹر شیریں رحمان

عمران خان کی مصنوعی اکثریت اب اقلیت میں تبدیل ہو چکی ہے،سینیٹر شیری رحمان

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی مصنوعی اکثریت اب اقلیت میں تبدیل ہو چکی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس عدم اعتماد پر ووٹنگ میں تاخیر کا کوئی آئینی و اخلاقی جواز نہیں ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ اپنے ٹوئٹ میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کی مصنوعی اکثریت اب اقلیت میں تبدیل ہو چکی ہے، عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوئی تو آج عمران خان کے سلیکٹڈ حکومت کا آخری دن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ڈوبتی ہوئی حکومت اب مبینہ خط کو سہارہ بنا کر بچنا چاہتی ہے، ایم کیو ایم، بی اے پی، جمہوری وطن پارٹی اور آزاد ارکان کی اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کے بعد عمران خان کو وزیراعظم کا منصب پر ایک دن بھی نہیں رہنا چاہئے تھا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ورکرز کو انتشار پر اکسانے سے بہتر ہے عمران خان استعفی دے دیں۔