مسرت جمشید چیمہ

عمران خان کی عوام میں بڑھتی مقبولیت جعلی حکمرانوں کا اصل خوف ہے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونے کے باوجود عمران خان کی عوام میں روز بروز بڑھتی مقبولیت جعلی حکمرانوں کا اصل خوف ہے ، ظلم اور جبر کی تاریک رات نے بالآخر ختم ہو ہی جانا ہے ،عمران خان کی لازوال جدوجہد کی وجہ سے آج عوام اپنے حقوق کا شعور رکھتے ہیں ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہر طرح کے وسائل اور طاقت حاصل ہونے کے باوجود جعلی حکمران عوام میں پذیرائی حاصل نہیں کر سکے جبکہ جعلی مقدمات میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے موجود عمران خان کی مقبولیت کا گراف دن بدن اوپر جارہا ہے ۔ اگر ملک میں عوام کی حقیقی نمائندہ کوئی جماعت ہے تو وہ تحریک انصاف ہے اور ان شا اللہ آئندہ جب بھی عام انتخابات ہوں گے فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی ، ان شا اللہ عمران خان وزیر اعظم بن کر حقیقی معنوں میں پاکستا ن کو ترقی کی راہ پر گامزن کریںگے اور دنیا میں پاکستان ایک معاشی طاقت بن کر ابھرے گا۔