ننکانہ صاحب(رپورٹنگ آن لائن)مرکزی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہاہے کہ بانی تحریک انصاف کی سزا سول کورٹ نے سنائی ملٹری کورٹس کا عمران خان کی سزا سے کوئی تعلق نہیں حالانکہ عمران خان کی شدید خواہش تھی۔
سانگلہ ہل میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میرے خیال میں اس سے پہلے بھی عمران خان نے ٹرائل کورٹ کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ،190ملین کے کیس میں سزا پراسیکیوشن ڈیفنس اور شہادتوں کے ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے سول کورٹ نے سزا سنائی ۔
برجیس طاہر نے کہاکہ عدالت نے عمران خان اور ان کے وکلا کو صفائی کا پورا پورا موقع دیا گیااسکے برعکس یہ مکافات عمل بھی ہے،2017میں جب نواز شریف کو سزا ہوئی تو بانی تحریک انصاف نے ایپریشیٹ کیا حالانکہ نواز شریف پر کوئی الزام ثابت نہ ہو سکا ماسوائے اس کے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہیں لی۔
انہوںنے کہاکہ نوازشریف نے عدالت کا فیصلہ قبول کرتے ہوئے وزیراعظم کا عہدہ چھوڑ دیا ،ہمارے نزدیک آئین اور قانون کی پاسداری مقدم ہے، عدالتوں کا مذاق نہیں بنانا چاہیے آئین اور قانون کے مطابق اداروں کا تقدس ملکی سلامتی کا ضامن ہے۔برجیس طاہر نے کہا کہ ثابت ہوا کہ چور چور ڈاکو ڈاکو کا نعرہ ملکی ترقی کیلئے زہر قاتل ہے۔