اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ماحولیات سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک سوشل میڈیا اور بیانات تک ہی محدود ہے،خیبر پختونخوا کے لوگوں نے گرفتاری نہ دے کر عمران خان کی ذاتی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔ ہفتہ کو اپنے ٹویٹس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دعویٰ کیا گیا تھا ہر شہر سے 2 سو افراد گرفتاری دینگے تاہم تین دن گزرنے کے باوجود پورے ملک سے دوسو افراد نے بھی گرفتاری نہیں دی۔ صرف تین دن میں ہی مضحکہ خیز جیل بھرو تحریک ”ضمانت دو تحریک”میں تبدیل ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوٹو سیشن اور عمران خان کی خوشنودی کیلئے جن گنے چنے پی ٹی آئی رہنمائوں نے گرفتاری دی وہ اب ضمانت کی درخواستیں دے رہے۔ خیبر پختونخوا میں ایک بھی شخص نے گرفتاری نہیں دی۔ خیبر پختونخوا کے لوگوں نے گرفتاری نہ دے کر عمران خان کی ذاتی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ مسلسل من گھڑت اور جھوٹے بیانیے بنا کر لوگوں کو اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے استعمال نہیں کر سکتے۔ لوگ باشعور ہیں، وہ آپ کے بیانیوں اور یو ٹرن سے تنگ آ چکے ہیں۔ لوگوں کا آپ پر عدم اعتماد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے وہ انتشار اور بدامنی نہیں بلکہ سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔