کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ عمران خان کو ہرانے کیلئے کسی نئی جماعت کو پاکستان میں آنا ہوگا،عمران خان 19 تاریخ کو کراچی آرہے ہیں،آنے والے الیکشن میں ایم کیو ایم کی سیاست دفن ہوجائے گی،کراچی کے لوگ ٹوٹی سڑکوں کی وجہ سے کمر درد میں مبتلا ہوچکے ہیں،زرداری لیگ کے برے دن شروع ہوگئے،زرداری کا شرم سے کوئی تعلق نہیں،ایم کیو ایم الیکشن ملتوی کرانے کی کوششیں کررہی ہے۔پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خرم شیر زمان نے انصاف ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر ایک مشکل وقت ہے میڈیا آزادی سے کام نہیں کرپارہا، عمران خان کے دور میں میڈیا نے آزادی سے کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اور پی ٹی آئی لاہور کو کامیاب جلسے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس بار 14 اگست پرجوش انداز میں منایا گیا، کوئی گلی ایسی نہیں جہاں عمران خان کی اسکرین نہ لگائی گئی ہو۔ پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ کروڑوں لوگوں نے عمران خان کی آواز سے آواز ملائی اور پی ڈی ایم جماعتوں کا اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ عمران خان نے ناکام بنایا۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ عمران خان کو فوج کیخلاف کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، عمران خان نے کہا پاکستان کی فوج ملک کی سلامتی کیلئے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان 19 تاریخ کو کراچی آرہے ہیں، عمران خان ضمنی الیکشن کے سلسلے میں کراچی آرہے ہیں، 28 اگست کو کراچی میں بلدیاتی الیکشن بھی ہیں۔ پارلیمانی لیڈر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اپنی کامیابی کیلئے پرامید ہے، پی ٹی آئی کراچی کیلئے اپنا میئر لیکر آئے گی، عمران خان کراچی کے عوام کیلئے پلین لیکر آرہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کراچی میں عمران خان کے تین جلسے ہیں، عمران خان ملیر، لیاری، کورنگی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، جنہوں نے کراچی میں ملکر کرپشن کی ملکر تباہی کی وہ ملکر عمران خان سے الیکشن میں شکست کھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ایم کیو ایم آج ان کے ساتھ ہے، آنے والے الیکشن میں ایم کیو ایم کی سیاست دفن ہوجائے گی۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے این اے 245 میں الیکشن لڑنے سے دستبردار ہوگئی، پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان کیا یہ ہمارے لیے خوشخبری ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کراچی میں بارشوں کی تباہی سے بچنے کیلئے 2 ارب جاری ہوئے، 2 ارب کس کی جیب میں گئے، مراد علی شاہ بتائیں کیا مرتضی وہاب نے ہاتھ صاف کردیئے ہیں، کراچی کے لوگ ٹوٹی سڑکوں کی وجہ سے کمر درد میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سولڈ ویسٹ صوبے کا کرپٹ ادارہ ہے کام کرتا کہیں دکھائی نہیں دے رہا، سیاسی وائس چیئرمین واٹر بورڈ نے ٹینکر مافیا کی ذمہ داری لے لی ہے، صوبے کے لوگ پینے کے پانی کیلئے ترس رہے ہیں۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ زرداری لیگ کے برے دن شروع ہوگئے زرداری لیگ سیاست میں مصروف ہے، شہباز کو کس گدھے نے مشورہ دیا عمران خان کے جلسے والے دن قوم سے خطاب کرے۔
پارلیمانی لیڈر کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو چند ہزاروں نے یوٹیوب پر سنا مگر لاکھوں لوگوں نے عمران خان کی تقریر سنی، 14 اگست کی تقریب میں سرکاری سطح پر صرف ناچ گانا دکھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کا شرم سے کوئی تعلق نہیں، سندھ میں ڈائیریا سے لوگ مررہے ہیں، زرداری کی ہمشیرہ لوگوں کو ہدایت کرتی ہیں پانی احتیاط سے پیئں، انہیں کوئی بتانے والا نہیں ہے لوگوں کو پانی دینا ان کی ذمہ داری ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کہتے ہیں انہیں آئی ایم ایف کے پاس جاتے ہوئے شرم آتی ہے، مفتاح اسماعیل کو شرم نہیں آئی جب ملک کی معیشت بیٹھ گئی، مفتاح اسماعیل کو شرم نہیں آئی جب ملک میں پیٹرول مہنگا ہوا۔ انکا کہنا ہے کہ امید کرتے ہیں کراچی کے بلدیاتی الیکشن ملتوی نہ کروائے جائیں، ایم کیو ایم الیکشن ملتوی کرانے کی کوششیں کررہی ہے، الیکشن میں ایم کیو ایم کو اپنی صاف شکست نظرآرہی ہے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ عمران خان کو ہرانے کیلئے کسی نئی جماعت کو پاکستان میں آنا ہوگا، عمران خان کے ساتھ عوام کھڑی ہے، الیکشن میں جتنی دیر کریں گے عمران خان اتنے عوام میں مقبول ہوں گے۔