نارووال(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کو ملک پر دوبارہ مسلط کرنے کے لیے مہم چلائی جارہی ہے،حال ہی میں یروشلم پوسٹ میں ایک مضمون شائع ہوا، اسرائیلی اخبار کے مطابق بانی پی ٹی آئی پاکستان میں واحد قابل قبول شخص ہیں،عوام کو گمراہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر زہریلا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے،ایٹمی قوت بننے کے بعدپاکستان صیہونی لابی کی آنکھوں میں کھٹک رہاہے، پاکستان کو معاشی، سیاسی اور سماجی طور پر کھوکھلا کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے میئر لندن کے الیکشن میں پاکستانی نژاد کی کھلم کھلا مخالفت کی، لوگ اب سمجھ گئے ہیں پراجیکٹ بانی پی ٹی کے پیچھے کون ہے، صیہونی لابی ہمیشہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کو نشانہ بناتی ہے،اداروں کے خلاف بدترین پراپیگنڈہ کرکے پاکستان کو کمزور کیا جارہا ہے،عمران خان کے جلسے جلوس دھرنے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں،پاکستان کی فوجی اور سیاسی قیادت کسی کو ملک کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دے گی۔
ظفروال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا یروشلم کہ اخبار میں کالم چھپا ہے جس میں عمران خان کی حمایت کی گئی ہے ، عالمی میڈیا میں ایک منظم مہم چلائی جارہی ہے ،پوری دنیا میں اسرائیل کے نمائندے عمران خان کو دوبارہ مسلط کرنے کیلئے قلم توڑ رہے ہیں ، اس مضمون میں واضح لکھا ہے کہ ہمارے ایجنڈا کو آگے بڑھانے کیلئے عمران خان ضروری ہے،ان جریدوں میں شامل یہ کڑیاں گولڈ سمتھ خاندان تک پہنچتی ہیں۔
عمران خان نے پاکستانی نژادصادق خان کی مخالفت اور زید گولڈ سمتھ کی حمایت کی۔ احسن اقبال نے کہااب مجھے یقین ہوچکا ہے کہ حکیم سعید اور جو دیگر مصنف عمران خان کے بارے لکھتے تھے وہ حقیقت تھا ۔ایک لابی کی انویسٹمنٹ سے ایک زہر لوگوں کے ذہنوں میں اتارا جارہا ہے ۔ جس دن سے پاکستان ایٹمی قوت بنا ہے یہ صہونی لابی کی آنکھوںمیں کھٹکتا ہے ۔ایک ایٹمی ملک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے اندرونی سازشیں کی جاتیں ہیں ۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کی سیاست کا جائزہ لیا جائے تو وہ نفرت کی سیاست ہے ، پاکستان کے اداروں کے خلاف بدترین پراپیگنڈہ کرکے پاکستان کو کمزور کیا جارہا ہے،ایک ریاست کی بنیاد ریاست کے اداروں کی حرمت پر ہوتی ہے، اداروں کی حرمت ختم ہو جائے تو ریاست کمزور ہو جاتی ہے،اس طرح کی گھٹیا مہم جو عمران خان کی شہ پر اس کا سوشل میڈیا پوری دنیا میں چلارہا ہے ۔ایک طرف عمران خان کہتا ہے کہ مجھے امریکہ نے نکالا اور دوسری طرف بھارت اور اسرائیل کی لابی اس کی حمایت میں مہم چلاتی ہے ،یہ لوگوں کو کتنی دیر بے وقوف بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی زبانی سنا کہ عمران خان اسرائیل کی لابی کا ایجنٹ ہے ،مولانا فضل الرحمن سے کہتا ہوں کہ اس ریاست میں جو بدامنی پھیلا رہا ہے مل کر ان سازشوں کا قلع قمع کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشی اعشاریہ اوپر جارہے ہیں ،سٹاک مارکیٹ بہتر ہورہی ہے ،عمران خان کے جلسے جلوس دھرنے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ کیا چین کے خلاف ہرزہ سرائی کرکے پاکستان کی خدمت کی یا سازش کی ۔ عمران خان کی سیاست کا ایک ناطہ ہے کہ پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا جائے ،آئی ایم ایف کو ای میلز لکھی جاتیں ہیں کہ پاکستان سے معاہدے نہ کئے جائیں ۔فوج کے خلاف اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی سے کس کا ایجنڈا پورا کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اہل پنجاب اہل پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے جلسے میں شرکت نہیں کی،آپ آئین شکن ہیں آپ کس آئین کی پاسداری کی بات کرتے ہیں،سات سات مہینے آپ نے فیصلوں کو نہیں مانا، ہماری پیشیاں تین تین ماہ اور آج ہر دوسرے دن لگتیں ہیں ،عدلیہ میں موجود سیاسی ایجنڈے والوں کو بھی ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے،کشمیر اور فلسطین ہمارے دو ایسے موقف ہیں جس پر قائد اعظم نے بھی زور دیا تھا۔انہوںنے کہا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے ،پاکستان کی فوجی اور سیاسی قیادت ملک کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دے گی۔عمران خان کو واضح پیغام ہے اب بہت ہو گیا۔.