مریم نواز

عمران خان کو شہباز شریف سے خطرہ ہے کیونکہ وہ انہیں اپنا متبادل سمجھتے ہیں، مریم نواز

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کو شہباز شریف سے خطرہ ہے کیونکہ وہ انہیں اپنا متبادل سمجھتے ہیں،

گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگومیں مریم نواز نے کہا کہ ابھی عمران خان کے کچھ حواریوں کے استعفے آئے ہیں، اس سال ان شااللہ عمران خان اکیلے رہ جائیں گے، وہ اناڑی کھلاڑی ہیں، ان کے مشیروں اور وزیروں کو سمجھ آنا شروع ہوگئی ہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان ضمنی انتخابات سے متعلق سرگرم رہنماﺅں اور کارکنوں کو ہدایت کردی ہے ان شااللہ ضمنی الیکشن ہم جیتیں گے،

انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ معاملہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، ان کا جھوٹ انہی کے سامنے آ گیا، انہوں نے نواز شریف کے خلاف براڈ شیٹ کیس استعمال کرنےکی کوشش کی، وہ الٹا پڑگیا ، اللہ نے نواز شریف کو ایک مرتبہ پھر بیگناہ ثابت کردیا، اب یہ خود پھنس گئے، یہ اتنے کرپٹ ہیں کہ انہوں نے براڈ شیٹ میں بھی کمیشن مانگی،مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت بے نقاب ہوچکی، لاہور خوبصورت شہر تھا، نااہل حکومت نے کچرے کا ڈھیر بنادیا،انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا لیکن شہباز شریف نے نواز شریف اور مسلم لیگ (ن)کو نہیں چھوڑا، عمران خان کو شہباز شریف سے خطرہ ہے کیونکہ وہ انہیں اپنا متبادل سمجھتے ہیں اور انہیں جس سے خطرہ ہوتا ہے وہ اسے جیل میں ڈال دیتے ہیں،

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان، شہباز شریف اور حمزہ کو کب تک سیاست اور انتخابی میدان سے باہر رکھ سکتے ہیں، دونوں باہر بھی آئیں گے اور سیاست بھی کریں گے،ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے تمام اپوزیشن پارٹیاں بھرپور احتجاج کریں گی، الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج میں بلاول بھٹو کی شرکت سے متعلق علم نہیں، پی ڈی ایم احتجاج کرے گی تو ان کو پتہ چل جائے گا،ان کے ہاتھ پاﺅں اور سانسیں پھولی ہوئی ہیں۔