عظمی بخاری

عمران خان کو اس وقت سب سے زیادہ خوف شہبازشریف کا ہے، عظمی بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اس وقت سب سے زیادہ خوف شہبازشریف کا ہے، کٹھ پتلی وزیراعظم اور اسکے چیلے عدم اعتماد کے لفظ سے ہی خوفزدہ ہیں، اپوزیشن نے عدم اعتماد پر اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، چند ماہ قبل یہی لوگ بڑھکیں مار رہے تھے ہم بہت مضبوط ہیں تو لائیں عدم اعتماد۔

عظمی بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج تبدیلی کے غبارے سے ہوا بھی نکل چکی ہے اور انکی ٹانگیں بھی کانپ رہی ہیں، اپوزیشن کے نمبر گیم متعلقہ فگرز سے زیادہ ہو چکے ہیں۔

ن لیگ پنجاب کی ترجمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے ایم این ایز اب عمران خان پر مزید اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہیں، چھوڑوں گا نہیں، این آر او نہیں دوں گا کی گردان سے اب انکے اپنے ارکان بھی تنگ آچکے ہیں، عمران خان نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو حلقے میں منہ دیکھانے لائق نہیں چھوڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو اس وقت سب سے زیادہ خوف شہبازشریف کا ہے، شہبازشریف کے خوف سے اب عمران خان کو رات کو نیند بھی نہیں آتی۔