لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کراچی کے عوام کو سبز باغ دکھا رہے ہیں، ان کا کراچی پیکج صرف اعلان کی حد تک ہی محدود رہے گا۔منگل کو احتساب عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں اے پی سی اوراس کے نتائج پر ہیں، لوگ حکمرانوں سے تنگ آ گئے ہیں اور حکومت کا طرز عمل عوام کے لیے ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا وفاقی بجٹ سے کوئی لینا دینا نہیں یہ سی پیک کا پراجیکٹ ہے، عمران خان کراچی کے عوام کو سبز باغ دکھا رہے ہیں، ان کا کراچی پیکج صرف اعلان کی حد تک ہی محدود رہے گا، عمران خان پہلے بھی ایسے اعلانات کر چکے ہیں،ان کا کیا ہوا؟ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ نواز شریف واپس آئیں، اس معاملے میں صرف چورن بیچا جا رہا ہے، نواز شریف کو واپس لاکر سنبھالنا اور جیل میں ڈالنا حکومت کو مشکلات میں ڈال دے گا۔