مسرت جمشید چیمہ

عمران خان کا سارا خاندان بدترین ظلم و فسطائیت کا سامنا کر رہا ہے،کچھ لوگ بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہے ہیں’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی بہنیں، ان کی اہلیہ بلکہ سارا خاندان اس وقت بدترین ظلم و فسطائیت کا سامنا کر رہا ہے،ایسے میں کچھ لوگ ان کے خاندان کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈاکرنے میں مصروف ہیں،ایسے احسان فراموش لوگ جن کا نام بھی کوئی نہیں جانتا تھا جب تک ان کے نام کے ساتھ عمران خان کا نام نہیں لگا۔

ایکس پر جاری جاری بیان میں مسرت چیمہ نے کہا کہ آپ نے اگر احسان فراموشی کی یہ روش ترک نہ کی تو تاریخ میں یونہی گم ہو جائیں گے جیسے ان گنت سازشی گم ہوئے ہیں،عمران خان اور ان کا خاندان قربانیوں کی جوداستان رقم کر رہا ہے وہ تاریخ میں نقش ہو رہا ہے۔ علاوہ ازیں اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکمران ظلم و جبر کے تمام حربے آزما چکے ہیں لیکن اس کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکے، ان شا اللہ وہ دن دور نہیں جب پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف درج جھوٹے مقدمات اپنی موت آپ مر جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران یہ سوچ رہے تھے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل کی سختیاں برداشت نہیں کر سکیں گے اور ڈیل کر لیں گے لیکن ان کے سارے خواب چکنا چور ہو گئے ، عمران خان اپنی ذات کے لئے نہیں بلکہ ملک و قوم کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس میں کامیابی قوم کا مقدر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک نظریاتی جماعت ہے یہی وجہ ہے کہ آج تمام رہنما اور کارکنان ظلم و جبر کا سامنا کرنے کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔

حکمران اس لئے خوفزدہ ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل سے باہر آ گئے تو ان کی سیاست کا کیا بنے گا ، حقیقت یہی ہے کہ جب وہ باہر آئیں گے تو نام نہاد مقبول سیاستدانوں کو اپنی سیاست سمیٹنے کا بھی موقع نہیں ملے گا۔ میرا دعوی ہے ملک میں جب بھی انتخابات ہوں گے موجودہ حکومتی اتحادمل کر بھی الیکشن لڑ لے لیکن ان کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔