اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) رکن صوبائی اسمبلی( ایم پی اے) پاکستان تحریک انصاف سردار مہندر پال سنگھ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کو برابری کی حقوق کی فراہمی کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن پر عمل پیرا ہے جو کہ گذشتہ حکومتوں میں نظرانداز کیے گئے تھے۔
سردار مہندر پال سنگھ نے اتوار کو پی ٹی وی نیوز سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ، خان صاحب کی سربراہی میں آئین کے مطابق اقلیتوں کے شہری ، سماجی اور مذہبی حقوق اور ان کی عبادت گاہوں ، املاک اور اداروں کی حفاظت کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مسلم اکثریت کی طرح تحفظ فراہم کیا جارہا ہے اورحکومت اقلیتوں کے حقوق کے حصول کے لئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کر تار پور راہداری کا افتتاح بھی امن اور محبت کا سب سے بڑا پیغام ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے اس اقدام سے نہ صرف سکھ برادری کو فائدہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے مابین امن لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کے بعد پی ٹی آئی حکومت کے اس اقدام کو عالمی برادری تسلیم کررہی ہے اور اس کی تعریف کررہی ہے۔
سردار نے کہا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا گردوارہ ہے جو پاکستان میں سکھ برادری کے لئے اب ایک بڑا مذہبی مرکز بن گیا ہے اور اس سے ہماری مقامی معیشت کو تقویت مل رہی ہے ، اس کے نتیجے میں ملک کو بیرونی زر مبادلہ حاصل ہوتا ہے جس سے سفر اور مہمان نوازی سمیت مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع میسر ہوتے ہیں۔
سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارتی حکومت کرتارپور راہداری پر سیاست کر رہی ہے جبکہ دنیا بھر کے سکھوں نے پاکستان کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا آغاز تھا اور، مجھے امید ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا اور وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں بہت سارے گوردواروں کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور مذہب کی بنیاد پر کوئی تقسیم نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بہنوں اور بھائیوں کی طرح زندگی بسر کر رہے ہیں اور بلا تفریق مذہبی حقوق سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے لیکن بدقسمتی سے ہندوستانی اقلیتیں خوف کے ماحول میں جی رہی ہیں۔