فیصل چوہدری 12

عمران خان نے کوئی ڈیل کرنی ہوتی تو 3سال پہلے کی جا سکتی تھی، اب کوئی امکان نہیں’ فیصل چوہدری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )معروف قانون دان فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان سے متعلق ڈیل کی خبریں اوور ریٹڈ ہیں ، اگر کوئی ڈیل کرنی ہوتی تو 3سال پہلے کی جا سکتی تھی، موجودہ حالات میں ایسا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ایک انٹر ویو مین انہوں نے کہا کہ ڈیل کے لیے بنیادی شرط ضمانت ہوتی ہے تاہم، عمران خان اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔

جیل کا عرصہ گزارنے، اہلیہ اور خاندان کے مشکلات برداشت کرنے اور انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد یوٹرن لینا سیاسی طور پر نقصان دہ ہو سکتا ہے۔فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش موجود ہے،بینائی متاثر ہونے، دانتوں اور آنکھوں کے مسائل کے علاوہ ٹینیٹس جیسی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔صحت کے معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے اور اگر ضرورت ہو تو انہیں ہسپتال منتقل کیا جانا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان ایک بین الاقوامی شناخت رکھتے ہیں، اس لیے ان سے متعلق کسی بھی معاملے کے عالمی سطح پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جسے پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔فیصل چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اندر واضح حکمت عملی نظر نہیں آتی، مختلف رہنمائوں کے بیانات میں تضاد اور دھڑے بندی نے پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے جس کا براہ راست اثر عمران خان پر پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جذباتی فیصلوں اور غیر مربوط احتجاجی سیاست سے نتائج حاصل نہیں ہوتے،اگر قیادت خود منظم نہ ہو تو کارکن متحرک نہیں ہوتے۔قانونی ٹیم سے متعلق سوال پر فیصل چوہدری نے کہا کہ چند وکلا ء کور ٹیم میں شامل ہیں جبکہ باقی زیادہ تر سیاسی وکلا ء ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں اور ان کی قانونی بنیاد کمزور ہے تاہم عدالتوں میں درخواستیں التوا ء کا شکار ہیں جس سے انصاف کے عمل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں