احسن اقبال 79

عمران خان نے پاکستان کے غریب عوام کے 64 ارب روپے پر ڈاکہ ڈالا ‘ احسن اقبال

نارووال (رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کے غریب عوام کے 64 ارب روپے پر ڈاکہ ڈالا ،پی ٹی آئی والے کس منہ سے اپنے لیڈر کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع تکیہ پلاٹ میں سڑک کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) سے جب بھی حکومت چھینی جاتی ہے پاکستان پر تباہی اور بربادی اپنے سائے ڈال لیتی ہے ،ایک اناڑی کو ملک کی چابیاں دے کر کرسی پر بٹھا دیا گیا ،وہ خود کہتا تھا کہ مجھے اب پتہ چلا ہے کی حکومت کیسے چلاتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کسی ڈرائیونگ سکول کی گاڑی نہیں تھی ،پاکستان کا وزیر اعظم بنا کر کسی کو وزیر اعظم بننے کی تربیت کا موقع دیا جائے، 4 سالوں میں ملک کی معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی ،اس شخص نے پاکستانی قوم کو تقسیم کرکے چپے چپے پر جگ ہنسائی کروائی۔یہ دوسروں کو چور ڈاکو کہتا تھا رسیدیں مانگتا تھا جب اس کی رسیدیں دکھانے کی باری آئی تو پتہ چلا اس نے پاکستان پر64 ارب کا ڈاکہ ڈالا ہے.

عمران خان نے غریب عوام کے 64 ارب روپے پرڈاکہ ڈال کر کھایا ، عمران خان کا یہ جرم نہ امریکہ معاف کر سکتا ہے نہ برطانیہ معاف کر سکتا ہے نہ پاکستان کے عوام معاف کریں گے۔ امریکہ ،برطانیہ میں کوئی لیڈر 64 ارب روپے کا ڈاکہ خزانے میں ڈالے گا تو اپنی قوم کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا.

آج پی ٹی آئی والے کس منہ کے ساتھ اپنے لیڈر کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے آپ کو شیخ رشید کا بیان یاد ہے جب انہوں نے کہاتھا کہ شکر ہے کہ ہماری حکومت چلی گئی ورنہ لوگوں نے ہمیں بڑے پتھر مارنے تھے ،چیئرمین ایف بی آر کا بیان یاد ہے انہوں نے گواہی دی تھی کہ عمران خان کے دور میں ملک دیوالیہ ہو چکا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں