لاہور( رپورٹںگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان سے پارٹی رہنمائوں کی ملاقات میں رکاوٹیں ڈالنا قابل مذمت ہے ،حکمران ہر ہتھکنڈا آزما چکے ہیں لیکن اس کے باوجود عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے،پی ٹی آئی کو پر امن جلسے سے روکنا کہاں کی جمہوریت ہے ، عاشورہ کے بعد اسلام آباد میں بھرپور جلسہ ہوگا ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں حکومتی اے پی سی میں شرکت کے حوالے سے مثبت رد عمل ظاہر کیا ، عزم استحکام آپریشن کے حوالے سے جو خدشات ہیں وہ دور ہونے چاہئیں ،کسی بھی بڑے فیصلے سے قبل اتفاق رائے نا گزیر ہے ۔
انہوںنے کہا کہ اس وقت پاکستان انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہے لیکن بد قسمتی سے حکمران کسی طرح کی تشویش ظاہر کرنے کی بجائے سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ حکمرانوںکے اعصاب پر اس وقت صرف عمران خان سوار ہیں ، انہیں اٹھتے بیٹھتے سوتے جاگتے صرف یہی خیال ہے کس طرح عوام کے دلوں سے عمران خان کی محبت کو ختم کیا جائے لیکن یہ نا ممکن ہے ۔