عثمان بزدار

عمران خان نے عالمی سطح پر ملک و قوم کا وقار بلند کیا، عثمان بزدار

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) عبوری وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان نے عالمی سطح پر ملک و قوم کا وقار بلند کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سیاسی افق پر روشن ستارے کی مانند چمک رہے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ عمران خان نے قوم کی صحیح سمت رہنمائی کی اور خودداری کی راہ پر چلنا سکھایا، انہوں نے ہی عوام کو سیاسی شعور دیا اور جذبہ حب الوطنی بیدار کیا۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ کپتان نے قوم کو اقبال کے افکار اور قائداعظم کے زریں اصولوں پر چلنا سکھایا اور عالمی سطح پر ملک و قوم کا وقار بلند کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ایماندار و دیانتدار لیڈر ہیں اور کوئی مائی کا لعل ان کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔