اسد عمر

عمران خان نے اپنے دورِ حکومت میں مزدوروں کیلئے صحت کارڈ مہیا کیا، اسد عمر

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دورِ حکومت میں مزدوروں کیلئے صحت کارڈ مہیا کیا۔

یومِ مئی کے موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مزدور اور محنت کش طبقہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کا ہراول دستہ ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود ہمارے فلاحی ایجنڈے کا مرکزی حصہ ہے، قومی تعمیر و ترقی کا ہر خواب محنت کش کے دستِ ہنر سے وابستہ ہے۔

مرکزی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے ساڑھے تین سالہ دورِ حکومت میں محنت کش کی بہبود پر خصوصی محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دورِ حکومت میں مزدوروں کیلئے صحت کارڈ مہیا کیا، مزدوروں کی سہولت کیلئے ملک میں پناہ گاہوں کا جال بچھایا گیا اور محنت کشوں ہی کیلئے لنگر خانے کھلوائے۔

اسد عمر نے کہا کہ معیشت کو اس طرز پر چلایا کہ صنعت و ذراعت میں تیزی سے ترقی ہوئی، صنعت و زراعت میں اس ترقی کی بدولت مزدوروں کیلئے روزگار کے مواقع بڑھے۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف کے تین سالوں میں جتنے روزگار پیدا ہوئے وہ ن لیگ کے 5 سالوں کے برابر ہے، تحریک انصاف کی انہی پالیسیوں کی بدولت لاکھوں بیروزگار محنت کشوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئے۔

اسد عمر نے کہا کہ عالمی وبا پھوٹی تو عمران خان کی حکومت نے اپنے محنت کش طبقے کی پوری حفاظت کی، اشیائے خورونوش سستے داموں فراہم کرنے کیلئے غریب محنت کشوں کیلئے احساس راشن سکیم کا خصوصی بندوبست کیا گیا۔ انہوں نے کہا عزم یہی ہے کہ جب بھی موقع میسر آئے گا اپنے مزدور کی سیاسی و معاشی ایمپاورمنٹ کا ایجنڈا پوری تندہی سے آگے بڑھائیں گے۔