سردار ایاز صادق

عمران خان فرح گوگی کی کرپشن میں برابر کے حصہ دار ہیں، سردار ایاز صادق

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)سابق سپیکر قومی اسمبلی و مسلم لیگی رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان فرح گوگی کی کرپشن میں برابر کے حصہ دار ہیں‘ عمران دور حکومت کی کرپشن کے سکینڈلز کی بھرمار ہے‘ ابھی مالم جبہ‘ بی آر ٹی‘ چینی و گندم سکینڈل پر تحقیقات ہورہی ہیں‘ عمران خان اور ان کے وزراءکو جیل میں ہونا چاہئے تھا لیکن حکومت کی توجہ عوام کی مشکلات کو کم کرنے پر ہے‘ وزیراعظم نے پٹرولیم کی قیمتیں کم کرنے کے لئے متعلقہ اداروںکو کہہ دیا ہے جس کا جلد ہی نوٹیفکیشن ہوجائے گا۔

جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جواب دینا ہوگا۔ فرح گوگی کس حیثیت سے پیسے لے کر نوکریاں بانٹتی اور ٹرانسفریں کرتی تھی۔ اوپر کا حصہ برابر میں بنی گالہ میں پہنچا رہی تھی حالانکہ فرح گوگی کوئی پبلک ہولڈر بھی نہیں تھیں۔ ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مروڑ اٹھتے ہیں جب بھی کوئی فلاحی کام کیا جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے جب 100یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے بل پنجاب حکومت کی جانب سے ادا کرنے کا اعلان کیا تو یہ لوگ الیکشن کمیشن میں چلے گئے اب شہباز شریف غریب عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے لئے سمری پر اعلان کرنے لگے ہیں تو عمران خان بے شک عدالت چلا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت جب گئی اس وقت چینی پچاس روپے کلو تھی عمران حکومت میں چینی 125روپے کلوملنے لگی۔ یہ لوگ چینی پہلے باہر ملک ایکسپورٹ کرتے اور پھر بعد میں وہی چینی امپورٹ کرلیتے ہیں لیکن موجودہ حکومت چینی کی قیمت 70روپے کلو تک لے آئی ہے۔ ہم بیس کلو کا آٹا سستے داموں فروخت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا عمران دور حکومت میں لوٹ مار اور کرپشن عروج پر تھی انہوں نے ادارے تباہ کردیئے لیکن اب دوبارہ ان کرپشن کیسوں کو کھولا اور تحقیقات کی جارہی ہیں جو انہوں نے اپنے دور حکومت میں بند کروا دیئے تھے جن میں مالم جبہ‘ بی آر ٹی‘ شوگر سکینڈل وغیرہ شامل ہیں