شوکت یوسفزئی

عمران خان سارے گند کو ایک ساتھ صاف کریں گے، شوکت یوسفزئی

پشاور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ عمران خان سارے گند کو ایک ساتھ صاف کریں گے۔ شوکت یوسفزئی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عابد شیر علی کے مطابق رانا ثنا 22 افراد کا قاتل ہے، کریمنل وزیر داخلہ نے وزیراعلی اور آزادی مارچ کو کیوں روکنے کا حکم دیا؟ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کو روکنے اور شیلنگ کروانے کی تحقیقات کی جائیں، رانا ثنااللہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ کیا خیبر پختونخوا ملک کا حصہ نہیں؟ عمران خان پر خیبر پختونخوا فرار ہونے کی بات پختونوں کی توہین ہے، عمران خان کوئی نواز شریف نہیں جو ملک سے فرار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اچانک بجلی کہاں غائب ہو گئی؟ گرمیوں میں اتنی لوڈشیڈنگ نہیں ہوئی جو ابھی جاری ہے، خسارے سے ملک کو نکال کر زرمبادلہ سرپلس پر پہنچائے، وفاقی حکومت امریکا کی ٹاوٹ ہے جو ان کے اشارے پر چل رہی ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ عمران خان قوم کا اثاثہ ہیں، عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو شدید ردعمل سامنے آئے گا۔ انکا کہنا ہے کہ نواز شریف اور ان کے بیٹے ملک سے باہر کیوں ہیں؟

شریف خاندان کے خلاف زرداری نے سازش کی، نواز شریف کو سوچنا چاہیے کہ ان کو دھکا کس نے دیا۔ شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ سارا گند اکٹھا ہوا ہے، عمران خان اس سارے گند کو ایک ساتھ صاف کریں گے۔