راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ووٹنگ کا قانون بن گیا ہے، اب الیکشن الیکٹرونک مشینوں کے ذریعے ہوں گے، بدقسمتی سے لوگ باتیں زیادہ، کام کم کرتے ہیں، کوئی تحریک نہیں ہے، ساڑھے 3 سال گزر گئے، اگلے سال بلدیاتی الیکشن ہوں گے ، عمران خان خوش نصیب ہیں انہیں نکمی اپوزیشن ملی، اوورسیز پاکستانی آئی ایم ایف سے بھی زیادہ پیسہ ملک میں بھیجتے ہیں، پاکستان کے 40 حلقوں میں الیکشن کا فیصلہ اوورسیز ووٹ سے ہوگا، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ جب پی ٹی آئی کو پڑیں گے،
اپوزیشن پھر روئے گی کہ دھاندلی ہوئی، مہنگائی ہے، اس کا حل تلاش کرنا ہے، مہنگائی تنخواہ دار طبقے کو براہ راست متاثر کر رہی ہے، سعودی عرب سے پاکستان کا لازوال رشتہ ہے، سعودیہ نے مشکل حالات میں قرض دیا، چین بھی پاکستان کی معاشی مشکلات کم کرنے میں معاونت کر رہا ہے، چین پاکستان کا ہمالیہ سے بلند دوست ہے۔ بدھ کے روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین میں ہال کے افتتاح کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین یونیورسٹی بنائی تو سب لوگ اس کے خلاف تھے۔
آج انہی لوگوں کی بچیاں اس یونیورسٹی میں پڑھ رہی ہیں۔ ساٹھ تعلیمی ادارے بنائے۔ میں کافی پریشان ہوں‘ اس دفعہ بچیوں نے نمبر بہت زیادہ لے لئے ہیں کالجوں میں داخلوں کا مسئلہ بن گیا ہے۔ سو فیصد‘ پچانوے فیصد تک بچیوں نے نمبر لئے ہیں میں نے تو کبھی ساٹھ فیصد سے زیادہ نمبر نہیں لے سکا۔ میں نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے بات کی ہے راولپنڈی کے جن کالجوں میں داخلے کا مسئلہ ہے ان کو دو شفٹوں میں کیا جائے۔ سال کے شروع میں کچھ کالجوں کو ڈے اینڈ نائٹ شفٹ میں کردیا جائے گا۔ اس کا سٹاف کنٹریکٹ بیس پر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی کوئی ایسی ڈھوک نہیں جہاں بچیوں کا کالج نہ ہو۔
ایک کالج رہ گیا ہے جس کا فیصہ چار تاریخ کو ہوگا اس کے بعد ہمارا تعلیمی پروجیکٹ مکمل ہوجائے گا۔ آئی ٹی یونیورسٹی رہ گئی ہے اس پر بھی بات کی جارہی ہے۔ راولپنڈی وہ واحد حلقہ ہوگا جس میں چار یونیورسٹیاں ہوں گی جو کسی دوسرے شہر میں نہیں ہے۔ یہ بات حقیقت ہے کہ ہمارے لڑکے زیادہ نہیں پڑھ رہے۔ مستقبل میں تعلیم کے حوالے سے بڑا فرق پیدا ہوجائے گا ہماری بیٹیاں پڑھی لکھی اور بیٹے بہت نالائق ہیں وہ حالات کے مطابق معیار پر پورا نہیں اتر رہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج کی بچیوں کے لئے دس لاکھ کا فنڈ نئے کمپیوٹر فراہم کرنے کے لئے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہفتے میں دو تعلیمی اداروں کا خود وزٹ کروں گا تاکہ بچیوں کے پڑھنے میں کوئی رکاوٹ نہ ہوسکے۔ ہم نے علاقے میں کسی بدمعاش کو سر اٹھا کر چلنے نہیں دیا جوئے کے ایک دو اڈے رہ گئے ہیں ان کو بھی ختم کردیا جائے گا۔ جس معاشرے کی بیٹی پڑھی لکھی ہو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا جب تعلیم گھر آتی ہے تو پھر اس کا اثر خاندان پر بھی ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کابینہ نے تمام تبلیغی جماعتوں کو آن لائن ویزے کیااجازت دیدی ہے۔ ریاست مدینہ میں دین کی بھی اجازت ہونی چاہئے یہ کام پہلے کسی نے نہیں کیا اس کا سہرا عمران خان کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ووٹ ای وی ایم کے ذریعے ہوں گے قانون بن گیا اس پر بحث کی جارہی ہے اب اپوزیشن نے فیصلہ کرنا ہے عدالت میں جانا ہے یا کسی اور پلیٹ فارم پر قانون بن گیا ہے اگلا الیکشن ووٹنگ مشین کے ذریعے ہی ہوگا۔ سب سے اہم فیصلہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا ہے وہ پاکستانی جو آئی ایم ایف سے بھی زیادہ پیسہ پاکستان بھیجتے ہیں وہ بھی ووٹ ڈال سکیں گے۔
پاکستان کے 80حلقوںکا فیصلہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں سے ہوگا۔ بعض حلقوں میں پچاس فیصد ووٹ اوورسیز پاکستانیوں کے ہیں۔ جب ان کے ووٹ پی ٹی آئی کو پڑیں گے تو اپوزیشن کہے گی دھاندلی ہوئی ہے پھر چیخیں ماریں گے لیکن ای وی ایم ان کا جواب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ہوئی ہے ہم اس کا حل تلاش کریں گے۔ تنخواہ دار طبقہ مہنگائی سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے ہمارا مضبوط رشتہ ہے ان کے دیئے ہوئے قرض سے پاکستان کی معیشت بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چین کو الگ رکھ کر پاکستان کوئی فیصلہ نہیں کرسکتا چاہے اس کا نتیجہ کچھ بھی ہو۔ لوگ زیادہ سمجھ دار ہوگئے ہیں اور سیاستدان پیچھے رہ گئے ہیں۔ قوم آگے بڑھ گئی ہے سوشل میڈیا بہت آگے جارہا ہے اﷲ کا شکر ہے ہمیں ایسی نالائق ‘ نااہل اپوزیشن ملی کچھ مہینوں بعد بلدیاتی انتخابات کا ڈھول بج جائے گا اور اپوزیشن شور مچاتی رہے گی۔