فرخ حبیب

عمران خان حقیقی معنوں میں قائد اعظم کے پاکستان کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، فرخ حبیب

فیصل آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عمران خان حقیقی معنوں میں قائد اعظم کے پاکستان کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں،پاکستان کا دفاع اور حکومت مضبوط ہاتھوں میں ہے،کوئی میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف نہیں دیکھ سکتا، پاکستان کی ترقی، خوشحالی،سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لئے ہر وقت اپنا کردار اداکرنا ہے، آج ہم نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کو بھی نہیں بھولنا، مودی نے 80لاکھ کشمیریوں کو قید کر رکھا ہے، تمام حریت قیادت گرفتار ہے۔

وہ ہفتہ کو کمشنر آفس فیصل آباد میں پرچم کشائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔تحریک آزادی کے کارکنان،کمشنر، ڈی سی او فیصل آباد، اراکین پارلیمنٹ اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد تقریب میں شریک تھی۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ جشن آزادی کا موقع محرم الحرام میں ہے،اسکا احترام بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے جو خواب دیکھا اس کی تعبیر قائداعظم کی قیادت میں ہمارے آباﺅ اجداد کی لازوال جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی آزادی کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں،پاکستان کی حفاظت کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے اور ان ماﺅں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کے بچوں نے اپنے خون سے پاکستان کے اندر امن کے دیئے جلائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں،سیاچن سے لیکر کشمیر، افغانستان سے لیکر چولستان کی سخت دھوپ کے اندر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کی ایٹمی طاقت ہے، اللہ تعالی نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نواز رکھا ہے، دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹیاں پاکستان میں موجود ہیں،ساڑھے چھ سو کلو میٹر تک ساحلی علاقہ، کھیت، کھلیان بھی ہیں، ہمارے نامور کھلاڑیوں نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ 90لاکھ پاکستانی دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی خون پسینے کی کمائی ترسیلات زر کے ذریعے پاکستان بھجوا رہے ہیں، یہ پاکستان کے لئے سوچتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے بئاے ہوئے ایمان،اتحاد تنظیم کے اصولوں کوآگے لیکر چلنا ہے،ہم نے حقیقی معنوں میں پاکستان کو قائد کا پاکستان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ریاست مدینہ طرز کی بات کرتے ہیں اس کا ایک ہی پیغام ہے کہ ریاست اپنے کمزور طبقے کی ذمہ داری لے گی، پاکستان کی بنیادیں ہم نے عدل و انصاف پر مضبوط کرنی ہے،آج ہم نے تجدید عہد کرنا ہے کہ قائداعظم کے مشن کو آگے بڑھانا ہے، کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی، پاکستان کی ترقی، خوشحالی،سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لئے ہر وقت اپنا کردار اداکرنا ہے، وزیر مملکت نے کہا کہ آج ہم نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کو بھی نہیں بھولنا، مودی نے 80لاکھ کشمیریوں کو قید کر رکھا ہے، تمام حریت قیادت گرفتار ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کا ہر جوان، بزرگ، مائیں بہنیں بھی آزادی کی فضا میں سانس لے سکیں گی،پاکستان کشمیریوں کی پرامن جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔