خواجہ سعد رفیق

عمران خان اپنی وجہ سے جیل میں ہیں، کسی سیاسی مخالف نے نہیں ڈالا’ سعد رفیق

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین آج اگر جیل میں ہیں تو اپنی وجہ سے ہیں.

ان کو کسی سیاسی مخالف نے جیل میں نہیں ڈالا،جھوٹ بول بول کر لوگوں کو مسلسل گمراہ کیا گیا، مشکل میں صرف وہ نہیں جو جیل میں ہیں سب مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں،سیاست دانوں کو سبق سیکھنا چاہیے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے غلطیوں سے سیکھ لیا ہے،سب کو پیغام جانا چاہیے جو خرابی کرے گا وہ بھگتے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے حلقے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ بن کر ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا اور ملک کو مشکل حالات میں دھکیل دیا۔جھوٹ بول کر ووٹ لینا بھی گناہ ہے.

یہ نہیں ہو سکتا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کیا جائے، سیاستدانوں کو خرابی سے سبق سیکھنا چاہیے ،سیاست دان کمزور ہے یا نہیں، یہ بات سیاستدانوں کو ہی کرنا ہو گی پھر کوئی نہ کوئی رستہ کھلے گا۔انہوںنے کہا کہ اس وقت عدالتوں میں رسہ کشی ہو رہی ہے، خان صاحب کہتے تھے کہ اسٹیبلشمنٹ اور جرنیلوں سے بات کروں گا ،عمران خان کو کسی سیاسی مخالف نے جیل میں نہیں ڈالا، اپنی وجہ سے قید میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھ جیسے سیاسی کارکن کے نزدیک ملک کی تمام اکائیوں کو اکٹھا رہنا چاہیے، ہمارے درمیان اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ہم الگ نہیں ہو سکتے۔انہوںنے کہا کہ آرمی پبلک سکول اور تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔