شیری رحمان

عمران خان اور پی ٹی آئی رہنمائوں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ان کو جنیوا کانفرس میں پاکستان کی کامیابی پر افسوس ہوا ہے، شیری رحمن

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر شیری رحمن نے کہاہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنمائوں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ان کو جنیوا کانفرس میں پاکستان کی کامیابی پر افسوس ہوا ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت جنیوا سے خالی ہاتھ لوٹے گی، جنیوا کانفرس میں عالمی ممالک اور اداروں نے عمران خان کے دعویٰ کو مسترد کر دیا۔

انہوںنے کہاکہ جنیوا کانفرس میں عالمی ممالک اور شراکت داروں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کے برعکس عالمی دنیا سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی رہی۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب زدگان کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے عالمی ممالک اور مالیاتی اداروں کی جانب سے مدد پر تحریک انصاف کی ہرزہ سرائی افسوسناک ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ عمران خان مسلسل سیلاب زدگان کو منفی پیغام بھیج رہے ہیں، جب سیلاب عروج پر تھا اس وقت بھی عمران خان جلسے کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمیں سیلاب زدگان کیلئے عالمی دنیا سے مدد لینے پر شرم دلانے والوں کو اس وقت شرم کیوں نہیں آئی جب انہوں نے کشکول ہاتھ میں لئے چار سال حکومت کی اور ملک کو مقروض کیا۔