بشریٰ بی بی

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیلیں،نیب کا بڑا اقدام،نیب کی خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت سے قبل نیب کی جانب سے اہم اقدام سامنے آیا ہے،190 ملین پاؤنڈز کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر نیب نے خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

یہ ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں اور سزا معطلی کی درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت کی معاونت کرے گی۔چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کی منظوری کے بعد پراسیکیوٹر جنرل نیب سید احتشام قادر شاہ کی ہدایت پر 5 خصوصی پراسیکیوٹرز پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ اس ٹیم کی قیادت سردار مظفر احمد خان کریں گے، جبکہ دیگر ارکان میں عرفان احمد، سہیل عارف، رافع مقصود اور یاسر سلیم رانا شامل ہیں۔

نیب کے مطابق یہ خصوصی ٹیم 5 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران عدالت کے سامنے نیب کے مؤقف کی پیروی کرے گی۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے اپنی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں اور ان کے وکلا نے سزا معطلی کی درخواستیں بھی دی ہوئی ہیں، جن پر سماعت 5 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔