ترجمان پی ڈی ایم 202

عمران خان آپ کی رخصتی کا وقت آچکا ہے تیاری کریں، ترجمان پی ڈی ایم

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران خان آپ کی رخصتی کاوقت آچکا ہے تیاری کریں، قوم کو نہ گھبرانے کی ترغیب دینے والا عمران خان تحریک عدم اعتماد سے گھبرا گیا۔

حافظ حمداللہ نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی تقریر قوم کو لولی پاپ دینے کے ساتھ ساتھ مزاق اور ڈرامہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں 70 روپے فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل میں اضافہ کر کے آج 10 روپے کمی قوم کے ساتھ مذاق ہے۔

پی ڈی ایم کے ترجمان نے کہا کہ پیٹرول 12 روپے بڑھا کر آج 10 روپے کم کرنے سے اور بجلی 6 روپے مہنگی کرکے آج 5 روپے کم کرنے سے قوم کو لولی پاپ نہیں دے سکتے، دوسری طرف ایل پی جی 27 روپے مہنگی کردی یہ قوم کو دھوکہ نہیں تو کیا ہے؟ حافظ حمداللہ نے کہا کہ عمران خان آپ کی رخصتی کا وقت آچکا ہے تیاری کرے، عمران خان آپ نے یحییٰ خان کو بھی تباہی میں مات دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو نہ گھبرانے کی ترغیب دینے والا عمران خان تحریک عدم اعتماد سے گھبرا گئے، اترا ہوا چہرہ مایوس کن تقریر بتارہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی عوام کے لئے نہیں اپنی کرایہ کی کرسی بچانے کے لئے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں