لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سخت ترین جیل برداشت کر رہے ہیں،عمران خان کو توڑنے کے لیے بشری بی بی کو طرح طرح کی تکالیف دی جاتی ہیں.
ایک ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں14 اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22 روپے اضافہ ہو چکا ہے یہ وہ حکمران ہیں جو کل تک مہنگائی مارچ کر کے سڑکوں پر عوام کے درد کا ڈھونگ رچایا کرتے تھے جبکہ اقتدار میں آکر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیںڈبل کر چکے ہیں اوردعوے کئے جاتے ہیںمہنگائی 60سال کی کم ترین سطح پر لے آئے ہیں ۔اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت جس ترقی کا ڈھنڈورا پیٹتی ہے وہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی لانے کی بجائے مشکلات اور ابتری لانے کا سبب ہے .
بجلی ، گیس اور پیٹرولیم کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں ، حکمران دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے دعویدار ہیںجبکہ عوام تین وقت سے دو وقت کی روٹی پر آ گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان آج بھی عوام کی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اس کیلئے انہوںنے اپنی آسائشیںقربان کر دیں اور جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنے کو ترجیح دی ۔









