لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان پر حملہ یہ ثابت کرتا ہے کہ مخالفین کے پاس دلیل ختم ہو چکی ہے اور ان کو ہر مخالف آواز کو دبانا ہی حل نظر آتا ہے،نہتی خواتین کے خلاف ایسے حملوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے.
غریب کسان کی گندم کا سرکاری ریٹ 2100 روپے رکھا گیا اورمناسب قیمت نہ ملنے کی وجہ سے کسان کو گندم کی فصل میں اربوں کا نقصان ہوالیکن اب مافیا کو نوازا جا رہا ہے اور گندم کا سرکاری ریٹ 3000 رکھا گیاہے ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو جدوجہد سے باز رکھنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں،بیٹوں کو جیل میں قید کیا گیا، حملے کر لئے گئے لیکن اس کے باوجود علیمہ خان کے چہرے کی مسکراہٹ ان لوگوں کی شکست کا ثبوت ہے،اللہ تعالیٰ نے عمرا ن خان کے خاندان کو کمال کا حوصلہ دیا ہے جو ملک کی خاطر سب مظالم ہنس کر برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب نے فصلوں کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث کسانوں کی سال بھر کی محنت ضائع ہو گئی ہے، زرعی زمینیں پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے چاول، کپاس اور گنے جیسی اہم فصلیں تباہ ہو چکی ہیں جس کا اثر نہ صرف کسانوں کی معاشی حالت پر پڑے گا بلکہ ملکی معیشت پر بھی پڑے گا،غذائی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے ، حکومت فوری طور پر اقدامات کرے اور کسانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔