اوپن یونیورسٹی 32

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اسناد و ڈگریوں کے اجراء کا نظام ڈیجیٹلائز کر دیا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ایک جدید اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے اسناد، ڈگریز اور سرٹیفکیٹس کے اجراء کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس نئے نظام کے تحت خزاں 2024ء اور اس کے بعد داخل ہونے والے طلبہ کے لیے ڈگری یا سرٹیفکیٹ خودکار (آٹومیٹک) طریقے سے جاری کیے جائیں گے جس سے طلبہ کو الگ سے درخواست دینے کی ضرورت ختم ہو جائے گی اور عمل نہایت آسان، تیز اور شفاف ہو جائے گا۔

مزید برآں سمسٹر بہار 2021ء اور اس کے بعد یونیورسٹی کے کسی پروگرام میں داخل ہونے والے طلبہ جو اپنے تعلیمی پروگرام مکمل کر چکے ہیں، وہ اب اسناد یا ڈگری کے لیے مینول درخواست فارم جمع کروانے کے بجائے یونیورسٹی کے آن لائن سی ایم ایس پورٹل پر’’سٹوڈنٹ سروس ریکوئسٹ ‘‘کے تحت نئے ڈگری فارم کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ نظام نہ صرف وقت کی بچت کرے گا بلکہ عمل کو زیادہ شفاف اور آسان بھی بنائے گا۔یاد رہے کہ سمسٹر خزاں 2020ء اور اس سے پہلے داخل ہونے والے طلبہ کے لیے اسناد و ڈگریوں کے اجراء کا عمل پہلے سے رائج طریقہ کار کے مطابق جاری رہے گا۔

اس حوالے سے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ طلبہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسناد و ڈگریوں کے اجراء کو مکمل ڈیجیٹلائز کرنا ہمارے لیے ایک اہم قدم ہے۔ یہ اقدام نہ صرف وقت کی بچت کرے گا بلکہ یونیورسٹی کے انتظامی نظام کو بھی مزید مؤثر بنائے گا۔ ہمارا مقصد ہے کہ طلبہ آسانی سے اپنی تعلیمی کامیابیوں کا سرٹیفیکیٹ حاصل کر سکیں بغیر کسی اضافی دقت یا انتظار کے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی یہ پیشرفت تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل انقلاب کی طرف ایک اہم قدم ہے جو طلبہ، اساتذہ اور ادارے کے تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں