لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی کا انتقال ایک عظیم سانحہ ہے، وہ میرے انتہائی مخلص اور بااعتماد بھائی تھے،انتہائی مخلص اور بااعتماد ساتھی عرفان صدیقی کی وفات سے دلی رنج ہوا، میرے دل میں عرفان صدیقی کی بہت اچھی اور لازوال یادیں ہیں۔عرفان صدیقی کی وفات ایک عزیز ترین بھائی کا بچھڑ جانا ہے جس کی کمی پوری نہیں ہوسکتی، ان کا قلم ہمیشہ حق اور سچ کے باب لکھتا رہا۔
ان کا قلم اور ان کی حریت فکر پاکستان کی سیاست اور صحافت کا اہم حصہ رہے ہیں۔ ان کی وفات سے ہم نے ایک منفرد لکھاری، عاجز مزاج اور روشن دماغ شخصیت کو کھو دیا۔نوازشریف نے کہا کہ وہ ہمیشہ عرفان صدیقی کی یادوں اور ان کی خدمات کو دل و دماغ میں زندہ رکھیں گے۔دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، اللہ تعالی عرفان صدیقی کو جنت کے اعلی درجات عطا فرمائے اور اہلخانہ کو صبر دے۔