مارکو روبیو

عرب ملک فلسطینی جبری انخلا کے ٹرمپ منصوبے کو قبول نہیں کرتے،مصر

قاہرہ (رپورٹنگ آن لائن)مصر کے وزیر خارجہ کی امریکہ میں اپنے ہم منصب مارکو روبیو کے ساتھ ملاقات کے بعد مصری وزارت خارجہ نے جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ فلسطینیوں کی طرف سے جبری انخلا کے منصوبے کو مسترد کرنے کے موقف کی عرب ممالک حمایت کرتے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری وزارت خارجہ کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ مصر کی طرف سے امریکی وزیر خارجہ کو اس بارے میں مصری اور عرب ملکوں کے مقف سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ غزہ سے فلسطینیوں کے جبری انخلا اور غزہ کا کنٹرول امریکہ کے پاس آنے کو بھی قبول نہیں کرتے ۔

مصر اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کی یہ ملاقات واشنگٹن میں ہوئی ہے۔ ملاقات میں امریکہ کی طرف سے غزہ کی تعمیر نو کے عمل کے لیے کوششوں کو تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر مصر کے وزیر خارجہ نے کہا ان کا ملک امریکی انتظامیہ کے ساتھ مشرق وسطی میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کام کرنا چاہتا ہے۔وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں مشرق وسطی کے لیے امریکی نمائندہ سٹیو وٹکوف سے بھی ملاقات کی ہے۔

ان کے سامنے بھی مصر اور عرب ملکوں کے فلسطینی انخلا کے بارے میں مقف کا اظہار کیا گیا۔علاوہ ازیں مصر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مل کر فلسطینیوں کے حق کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔ کیونکہ فلسطینی عوام ایک تاریخ بے انصافی کا ہدف ہیں۔ یاد رہے ٹرمپ کے فلسطینیوں کو غزہ سے نکالنے کے منصوبے کی ہر جگہ سے مذمت کی جارہی ہے۔