عراقی صدر

عراقی صدر کا سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور

بغداد(ر پورٹنگ آن لائن) سعودی عرب کے وزیر برائے تجارت و سرمایہ کاری ماجد القصبی نے ایک اعلی اختیاراتی وفد کے ہمراہ اپنے دورہ بغداد کے دوران عراقی صدر برھم صالح سے ملاقات کی ہے ۔ بغداد کے السلام محل میں ہونے والی ملاقات میں عراقی صدر نے سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پرزور دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر تجارت وسرمایہ کاری کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے صدر صالح نے دونوں ملکوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے، دونوں ملکوں کے درمیان طے پائے معاہدوں اور یاداشتوں پر عمل درآمد کرانے، اقتصای اور تجارتی تعاون کے فروغ اور دونوں ملکوں اور قوموں کے مشترکہ مفادات کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔عراقی صدر برھم صالح نے سعودی عرب اور عراق کے درمیان فروغ پذیر تعلقات کی تحسین کی اور کہا کہ ہمیں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوط تعلقات عراق کے دوسری خلیجی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کے لیے پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے عراق کی خود مختاری،استحکام، ترقی اور خطے کے استحکام اور ترقی کے لیے اقدامات کے ساتھ سعودی عرب اور عراق کے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے مزید فیصلے اور معاہدے کرنے پر زور دیا۔سعودی وفد میں وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف ، سعودی تنظیم برائے کوالٹری کنٹرول سعد القصبی ، سعودی برآمدی ترقیاتی اتھارٹی کے سیکرٹری جنرل اور سعودی فنڈ برائے ترقی ڈاکٹر عائض العتیبی کے علاوہ وزارتوں ، اداروں اور سرکاری شعبوں کے نمائندوں اور متعدد تجارتی ، معاشی اور سرمایہ کاری کمپنیوں کے نمائندے بھی شامل تھے۔